پٹنہ،6جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار میں بی جے پی لیڈر سشیل مودی نے آج ایک بار پھر بہار کے سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے خلاف سخت تیور اپنائے ہیں۔سشیل مودی نے لالو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ لالو عطیہ میں ملی تمام جائیداد کو واپس کریں۔سشیل مودی نے کہا کہ لالو بدعنوان ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ کی غیراعلانیہ جائیداد انہوں نے لے کر رکھی ہے۔
سشیل مودی نے آج پریس کانفرنس کر کے کہا کہ لالو نے اب تک صرف ایک پراپرٹی کی تردید کی ہے، جبکہ میں نے اب تک بہت سی جائیداد کا انکشاف کیا ہے،اگر لالو میں ہمت ہے تو وہ تمام زمینوں کی دستاویزات جاری کریں اور بتائیں کی ایسی کوئی زمین ہمارے پاس نہیں ہیں،اگر میرے الزامات میں دم نہیں ہے تو لالو یادو میرے الزامات سے انکار کیوں نہیں کرتے ہیں۔
سشیل مودی نے کہا کہ میسا بھارتی اور شیلیش کمار کو کیوں انکم ٹیکس کے دفتر کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں؟ ابھی تو 12جائیداد ضبط ہوئی ہیں۔ایسے میں وہ کہہ دیں کہ پراپرٹی ہماری نہیں ہیں،کیوں مقدمہ لڑ رہے ہیں۔سشیل مودی نے مزید کہاکہ جس کا احترام ہوگا وہی تو ہتک عزت کا مقدمہ کرے گا۔مودی نے شہاب الدین کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ اب اگر شہاب الدین کہے کہ مجھے ڈان کہہ دیا، مجھے دبنگ کہہ دیا،ایسے میں کیا اس کو صاف تصویر والا بتایا جائے گا،کیا وہ ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے؟ ایسے میں بدعنوان کو بدعنوان کہنا کیا بدنامی ہے؟۔